پنجاب حکومت نے موٹرسائیکل مالکان کے لیے پٹرول سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت شہری ماہانہ 20 لیٹر پٹرول صرف 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے حاصل کر سکیں گے، جس کا مقصد مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دہندگان کو ویب سائٹ https://mkb.punjab.gov.pk پر جا کر رجسٹریشن کرنا ہوگی۔ سب سے پہلے صارف کو Sign Up کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا، جہاں وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر اور پاسورڈ درج کرے گا۔
پاسورڈ اپنی مرضی کے مطابق رکھا جا سکتا ہے، معلومات مکمل کرنے کے بعد Submit پر کلک کرنے سے موبائل فون پر ایک OTP (One Time Password) موصول ہوگا، جسے درج کرتے ہی اکاؤنٹ بن جائے گا۔
اکاؤنٹ بننے کے بعد صارف کو دوبارہ ویب سائٹ پر جا کر Log In کرنا ہوگا، اس مرحلے پر شناختی کارڈ نمبر اور پاسورڈ کے ساتھ ایک سادہ سوال کا جواب دینا ہوگا، پھر Sign In پر کلک کر کے اکاؤنٹ کھولا جا سکتا ہے۔
لاگ اِن ہونے کے بعد درخواست گزار کو Register New Complaint کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد سسٹم میں Maryam ko Batayn کا انتخاب کر کے Next پر کلک کرنا ہوگا۔ اگلے مرحلے میں درخواست گزار کو اپنی ذاتی معلومات کے ساتھ اپنے گھریلو حالات کے بارے میں دو سے تین لائنیں تحریر کرنی ہوں گی۔
تمام معلومات درج کرنے کے بعد Submit پر کلک کر کے درخواست مکمل کی جا سکتی ہے۔ درخواست کامیابی سے جمع ہونے پر صارف کو موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
یہ اسکیم خاص طور پر موٹرسائیکل مالکان کے لیے متعارف کرائی گئی ہے تاکہ وہ سستی قیمت پر پٹرول حاصل کر سکیں۔ آن لائن نظام کا مقصد درخواست دینے کے عمل کو آسان اور شفاف بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔