امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا ہے، جبکہ اس عمل میں ترکیہ اور مصر بھی شریک رہے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تینوں ممالک نے مل کر دونوں فریقین کے درمیان ثالثی کی کوششیں کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور مصر نے پسِ پردہ سفارتی رابطوں کے ذریعے واشنگٹن اور تہران کے درمیان تناؤ کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے پر کام کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کوششوں کا مقصد خطے میں ممکنہ تصادم کو روکنا اور امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق پاکستان کا کردار اس حوالے سے خاص طور پر اہم رہا، کیونکہ پاکستان کے امریکہ اور ایران دونوں کے ساتھ تعلقات موجود ہیں، جو اسے ایک مؤثر ثالث بناتے ہیں۔ ترکیہ اور مصر نے بھی اپنے علاقائی اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے اس عمل میں تعاون کیا۔