کراچی سمیت پورے ملک کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق نیپرا نے فروری 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی ایک روپے 42 پیسے مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے اس اضافے کا اطلاق صارفین کے اپریل کے بلوں میں کیا جائے گا، حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق یہ اضافہ تمام اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر لاگو ہوگا، جبکہ لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اس میں مستثنیٰ ہوں گے۔
نیپرا نے فروری کی ایڈجسٹمنٹ کے معاملے میں سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا اور اب اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد صارفین کو ماہانہ بلوں میں واضح فرق محسوس ہوگا، کیونکہ بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ مہنگائی کے اثرات کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری کی ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی کی قیمت ایک روپے 63 پیسے فی یونٹ بڑھائی گئی تھی، جس کے اثرات صارفین نے اپنے بلوں میں محسوس کیے تھے، اس طرح رواں سال کے شروع سے ہی بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ بجلی کی پیداوار، ترسیل اور دیگر لاگتوں میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے، تاکہ بجلی کی صنعت مستحکم رہے اور معیارِ خدمت متاثر نہ ہو،صارفین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں محتاط رہیں تاکہ اضافی اخراجات کو کم کیا جا سکے۔
یہ اضافہ ملک بھر کے شہریوں اور صنعتی صارفین دونوں کے لیے اہم ہے اور اس کے اثرات اگلے ماہ کے بلوں میں نمایاں طور پر نظر آئیں گے۔