وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے انطالیہ میں ملاقات کی ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے سرکاری دورہ ترکیہ کیلئے آج انطالیہ پہنچے ہیں ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات کے دوران وہاں موجود تھے۔
وزیر خارجہ حاقان فیدان نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور روایتی مہمان نوازی پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ یہ بات باعث خوشی ہے کہ وہ اپنے دوسرے گھر ترکیہ کے دورے پر ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت اور صدر رجب طیب ایردوان سے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ملاقات ان کیلئے باعث مسرت ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے ، وزیر اعظم فورم میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے ’لیڈرز پینل‘ میں شرکت کریں گے۔
اس دورے میں وزیراعظم کی صدر رجب طیب ایردوان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے مابین مذاکرات کی کوششیں مزید تیز ہوگئی ہیں ، دونوں مملک کے درمیان اسلام آباد میں بات چیت کا دوسرا دور آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔
ایک جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کا دورہ کیا تو دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب اور قطر کا دورہ مکمل کرکے ترکیہ پہنچے ہیں۔