ہمارے شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم

ہمارے شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ اور خوارج پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے راستے میں کانٹا بننا چاہتے ہیں، تاہم ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔

وزیراعظم نے یہ بات وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان نے اپنے دشمن کو ذلت آمیز شکست دی، جبکہ مشرقی ہمسایہ اور دیگر خوارج مل کر پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا ضرور مکمل خاتمہ ہوگا اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ کس طرح مزدور وہاں مزدوری کے لیے گئے تھے، اور کس طرح ننھے منھے پھول جیسے بچوں اور خواتین کو قتل کیا گیا۔ وزیراعظم کے مطابق یہ ایک ایسا الم ناک واقعہ ہے کہ پوری قوم سوگوار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے پورے عزم کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے، اور وہ دن آئے گا کہ یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور اس ملک سے دہشت گردی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوگا۔

ایران کشیدگی میں برادرانہ کردار ادا کیا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران میں جاری کشیدگی کے حوالے سے پاکستان نے پورا برادرانہ کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق انہوں نے خود، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف اوقات میں ایرانی قیادت سے بالمشافہ ملاقات کی، ٹیلی فون پر گفتگو کی اور مختلف جگہوں پر ان سے بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل میں قطر، ترکیہ، مصر، عمان اور سعودی عرب سمیت مسلمان ممالک شامل ہیں، اور پوری کوشش ہے کہ بات چیت کے ذریعے ایسا راستہ نکل آئے تاکہ خطے میں منڈھلاتے خطرات ختم ہوں اور دیرپا امن قائم ہو سکے۔

5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر: “کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کریں گے”

وزیراعظم نے کہا کہ 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری قوم پشاور سے کراچی تک کشمیریوں کے ساتھ مکمل طور پر اظہارِ یکجہتی کرے گی، اور مختلف شہروں میں اپنے اپنے انداز میں کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی والہانہ وابستگی کا اظہار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود اپنے ساتھیوں کے ساتھ کل آزاد کشمیر جائیں گے اور پوری قوم کی طرف سے بھرپور یکجہتی کا پیغام دیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کو مفید قرار دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سے بڑی اچھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دن ہی انہوں نے فون کر کے کہا تھا کہ وفاق آپ کے ساتھ پوری طرح تعاون کرے گا، چاہے آپ کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، کیونکہ پہلے پاکستان ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ وہ پاکستان کے ایک انتہائی اہم اور خوب صورت صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، جہاں کے لوگ عظیم، دلیر اور بہادر پاکستانی ہیں اور انہوں نے پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی حوالے سے 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں ایک فیصد رکھا گیا تاکہ دہشت گردی سے متعلق معاملات نمٹائے جا سکیں۔ وزیراعظم کے مطابق فرانزک لیب، سی ٹی ڈی، سیف سٹی اور پولیس کی تربیت جیسے اقدامات شامل ہیں، اور انہوں نے بتایا کہ ان برسوں میں این ایف سی کے تحت خیبرپختونخوا کو 800 ارب روپے دیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ابھی تک وہاں سیف سٹی نہیں بن سکا تھا، تاہم وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب یہ مکمل ہونے کے قریب ہے، جس پر وزیراعظم نے کہا “دیر آید درست آید”۔

وزیراعظم کے مطابق وزیراعلیٰ نے ادائیگیوں میں تاخیر سے متعلق کچھ باتیں کیں، جس پر انہوں نے فوری طور پر احسن اقبال، وزیر خزانہ اور سیکریٹری خزانہ کو ہدایت دی کہ وہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کریں اور جہاں ادائیگیوں میں تاخیر ہے اسے فوری طور پر ختم کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا بھی دوسرے صوبوں کی طرح اتنا ہی پیارا ہے، ان سے اچھی نشست ہوئی ہے اور امید ہے کہ معاملہ آگے بڑھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا اور پاکستان بنگلہ دیش سے مکمل اظہارِ یکجہتی کر رہا ہے۔

مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *