ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونت ارگُن نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف نے کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر اسرائیل، امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں خطے کی بحری سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دوطرفہ دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے، خصوصاً تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے، اس حوالے سے مستقبل میں مزید روابط بڑھانے اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کر رہا ہے، اس موقع پر ترک جنرل نے میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک فوج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اسٹریٹجک تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان محفوظ اور مستحکم بحری ماحول کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔