پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو زمین کے ریکارڈ تک آسان اور فوری رسائی فراہم کرتے ہوئے ایک نہایت اہم اور سہولت بخش قدم اٹھایا ہے، اب شہریوں کو اپنی زمین سے متعلق دستاویزات حاصل کرنے کے لیے نہ تو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت ہے اور نہ ہی لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کا جھنجھٹ باقی رہ گیا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حکومت نے عوام کو وہ سہولت مہیا کر دی ہے جس کا وہ طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔
اس نئے نظام کے تحت شہری گھر بیٹھے صرف چند سیکنڈز میں اپنی مطلوبہ جائیداد یا زمین کا ریکارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت کے تیار کردہ آر او ڈی (ROD) پورٹل کے ذریعے صارفین نہ صرف ریکارڈ آف ڈیڈز دیکھ سکتے ہیں بلکہ اسے فوری طور پر ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں۔
یہ پورٹل مکمل طور پر خودکار اور صارف دوست ہے، جس سے ہر شخص بغیر کسی سفارش، بغیر کسی فیس کے اضافی بوجھ اور بغیر کسی پریشانی کے اپنی زمین کا ریکارڈ حاصل کر سکتا ہے۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہری صرف چند لمحوں میں پورٹل پر جائیں اور اپنی معلومات درج کر کے مطلوبہ دستاویزات حاصل کریں ، سرکاری پورٹل کا ایڈریس https://rod.pulse.gop.pk
اس سے قبل پنجاب حکومت نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی واضح کیا تھا کہ اب صوبے میں زمین کی ملکیت اور قبضے سے متعلق سخت اور شفاف اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔
حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ جس کی زمین ہے، قبضہ بھی اسی کا ہوگا، اس واضح پالیسی کا مقصد برسوں سے جاری قبضہ مافیا کے اثرورسوخ کو ختم کرنا اور عوام کو ان کے قانونی حقوق دلوانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں زمین کے ریکارڈ کی بہتری، فراڈ کی روک تھام اور شفافیت کے فروغ کے لیے متعدد انتظامی اور قانونی اصلاحات متعارف کروائی ہیں، ان اقدامات کے نتیجے میں زمین کا ہر ریکارڈ نہ صرف محفوظ بنا دیا گیا ہے بلکہ اسے تصدیق کے قابل بھی کر دیا گیا ہے۔
جدید کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے اب کسی کو غلط بیانی، جعل سازی یا زمین پر ناجائز قبضے کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔
حکومت پنجاب کا یہ اقدام نہ صرف عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ہے بلکہ صوبے میں شفافیت، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے نئے دور کی علامت بھی ہے۔