پنجاب میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی دھند اور اسموگ کی شدت میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کے اضلاع کے لیے نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ ہدایت نامے میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ممکنہ موسمی حالات کے مطابق بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
الرٹ کے مطابق شیخوپورہ اور قصور سمیت متعدد اضلاع آئندہ چند دنوں میں گھنے دھند اور شدید اسموگ کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں اسی طرح فیصل آباد، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، جھنگ، ساہیوال اور لیہ میں بھی حدِ نگاہ کم ہونے اور فضائی آلودگی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کی غیر موجودگی میں دھند اور اسموگ مزید گہری ہوسکتی ہے دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی پیشگوئی کی ہے کہ دسمبر کے مہینے میں بارش کا کوئی واضح امکان نہیں جس کے باعث فضائی آلودگی کم ہونے کے امکانات محدود رہیں گے۔
مسلسل خشک موسم کے نتیجے میں پنجاب کے کئی اضلاع میں فضائی معیار مزید خراب ہو سکتا ہے ادھر کوٹ ادو، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور خان پور میں بھی دھند کے شدید امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ انسدادِ اسموگ آگاہی مہم تیز کی جائے اور شہریوں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جائے۔
ماہرین صحت کے مطابق اسموگ سانس کی بیماریوں، آنکھوں میں جلن، کھانسی اور گلے کی تکالیف میں اضافہ کرتی ہے بچے، بزرگ اور سانس کے مریض اس صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔