یوٹیوب نے بالآخر صارفین کی طویل عرصے سے درپیش ایک بڑی مشکل کو حل کرنے کے لیے ایک نہایت مفید فیچر متعارف کرانے کی آزمائش شروع کر دی ہے۔
اگر آپ یوٹیوب کو باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں تو بخوبی جانتے ہوں گے کہ ہوم پیج پر وہ ویڈیو تلاش کرنا اکثر مشکل ہو جاتا ہے جس میں واقعی آپ کی دلچسپی ہوتی ہے، یوٹیوب کا الگورتھم ویڈیوز کی سفارشات آپ کی سابقہ سرگرمیوں کی بنیاد پر تو ضرور دیتا ہے، مگر اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ یہ سفارشات آپ کی پسند کے مطابق نہیں ہوتیں اور نتیجے میں ہوم فیڈ غیر متعلقہ ویڈیوز سے بھر جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ صارفین بار بار Not Interested اور Don’t Recommend Channel جیسے آپشنز استعمال کرتے نظر آتے ہیں۔
یوٹیوب نے اس مسئلے کو تسلیم کرتے ہوئے ایک نئے فیچر “Your Custom Feed” کی آزمائشی شروعات کی ہے، اس فیچر کا بنیادی مقصد ان صارفین کی مدد کرنا ہے جو موجودہ الگورتھم سے تنگ آ چکے ہیں اور اپنی پسند کے مطابق ایک ذاتی نوعیت کی فیڈ چاہتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر ان لوگوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا جو یہ چاہتے ہیں کہ ان کے سامنے وہی ویڈیوز آئیں جن میں وہ واقعی دلچسپی رکھتے ہیں۔
جن صارفین کو یہ فیچر فی الحال دستیاب ہے، وہ یوٹیوب کے ہوم پیج پر موجود ہوم بٹن کے برابر میں “Your Custom Feed” کا نیا ٹیب دیکھ سکتے ہیں ، اس پر کلک کرکے صارفین اپنی دلچسپیوں کے بارے میں مخصوص ہدایات دے سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر اگر کوئی صارف کھانا پکانے، ٹیکنالوجی، کھیل، یا ٹریول سے متعلق زیادہ ویڈیوز دیکھنا چاہتا ہے تو وہ صرف موضوع ٹائپ کرے گا، اور یوٹیوب مستقبل میں اسی نوعیت کے مزید بہتر اور متعلقہ مواد دکھانا شروع کر دے گا، اس طرح صارفین اپنی مرضی کی ایک پوری فیڈ ترتیب دے سکیں گے جو ان کی حقیقی دلچسپی کے مطابق ہوگی۔
یہ نیا فیچر نہ صرف صارف کے تجربے کو بہتر بنائے گا بلکہ انہیں غیر ضروری ویڈیوز سے چھٹکارا پانے میں بھی مدد کرے گا، سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سے صارفین کو بار بار غیر دلچسپ مواد چھپانے یا الگورتھم سے الجھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔