امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تیسری دنیا کے تمام ممالک سے ہجرت کو مستقل طور پر روک دوں گا تاکہ امریکی نظام کو مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل گارڈ کے اہلکار پر حملے کے بعد سخت ترین امیگریشن اقدامات کا اعلان کیا ہے، ٹرمپ نے کہا کہ وہ تمام “تھرڈ ورلڈ” ممالک سے ہجرت کو ’’مستقل طور پر معطل‘‘ کر رہے ہیں، جبکہ 19 ممالک سے تعلق رکھنے والے گرین کارڈ ہولڈرز کی فوری آڈٹ کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ غیر امریکی شہریوں کے لیے تمام وفاقی فائدے اور سبسڈیز ختم کر دیں گے، اور کسی بھی غیر ملکی شہری کو جو سکیورٹی رسک ہو یا ’مغربی تہذیب سے ہم آہنگ نہ ہو‘ ملک بدر کر دیں گے۔
ان کا غصے بھرا پیغام، جو امریکیوں کو تھینکس گیونگ کی مبارکباد دے کر ختم ہوا، ان کی دوسری مدتِ صدارت کی سخت اینٹی مہاجر پالیسیوں میں ایک اور اضافہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان اہداف کا تعاقب غیر قانونی اور خلل ڈالنے والی آبادی میں نمایاں کمی حاصل کرنے کے مقصد سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ایک افغان شہری نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے فوجیوں پرفائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اس پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افغان شہری کی فائرنگ سے زخمی خاتون نیشنل گارڈ دم توڑ گئی ہے، غیر قانونی تارکین امریکا آ کر مشکلات پیدا کرتے ہیں، حکام سے غیرقانونی تارکین وطن سے متعلق تفصیلی بات کی ، ہمارے سیکیورٹی اہلکار ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔