اڈیالہ جیل کے حکام نے عمران خان کی صحت متعلق وضاحت جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے عمران خان جیل میں بالکل صحت مند اور محفوظ ہیں اور ان کی صحت کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان کی روزمرہ کی سرگرمیوں، ملاقاتوں اور سہولیات کے حوالے سے تمام انتظامات متعلقہ قوانین اور جیل مینوئل کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان کو جیل میں ایک مخصوص بیرک الاٹ کی گئی ہے جس میں مجموعی طور پر چھ کمرے ان کے استعمال میں ہیں۔
ان کمروں میں بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ ٹی وی اور اخبارات کا بندوبست بھی موجود ہے تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی حالات سے باخبر رہ سکیں۔
حکام کے مطابق ان سہولیات کا مقصد قیدی کو قانونی طور پر دیے گئے حقوق کی فراہمی ہے اور ان میں کسی قسم کی غیر معمولی رعایت شامل نہیں۔
مزید بتایا گیا کہ عمران خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو بھی شخص اڈیالہ جیل کے احاطے میں ملاقات کے لیے آتا ہے اس کی ملاقات جیل قوانین کے مطابق کروا دی جاتی ہے۔
اسی طرح ہفتہ وار بنیاد پر ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی کرائی جاتی ہے اور یہ تمام ملاقاتیں سرکاری طریقہ کار کے تحت ہوتی ہیں۔
خوراک کے حوالے سے جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ہفتے میں ایک مرتبہ باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت ہے۔ اس دوران عموماً دیسی مرغی اور مچھلی منگوائی جاتی ہے جب کہ باقی ایام میں انہیں جیل کی جانب سے فراہم کردہ کھانا دیا جاتا ہے۔
جیل حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ اڈیالہ جیل کی حدود کے اندر ہونے والی سرگرمیوں کی ذمہ داری ان کی ہے تاہم جیل کے باہر ہونے والے معاملات یا سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں کی ذمہ داری ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان کی صحت کے حوالے سے معلومات ہیں یہی ہیں کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور معمول کے مطابق وقت گزار رہے ہیں۔