تفتان، بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے منصوبہ بند دہشت گرد حملے کو بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
ایف سی ہیڈ کوارٹر نوکنڈی کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو نہ صرف گیٹ ہی پر روک دیا گیا بلکہ اُنہیں موقع پر ہی انجام تک پہنچا دیا گیا۔
واقعہ کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑا لیا، جس کا مقصد فورسز کی توجہ ہٹانا اور اُس کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں کو اندر داخل ہونے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً کیو آر ایف کو روانہ کیا، جس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
فورسز کی مؤثر حکمتِ عملی اور بروقت ردِ عمل نے نہ صرف ہیڈ کوارٹر کو بڑے نقصان سے محفوظ رکھا بلکہ دہشت گردوں کے پورے منصوبے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورک سے تھا، جن کا مقصد علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنا، بدامنی کو ہوا دینا اور ملک میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔
آپریشن اب بھی جاری ہے تاکہ علاقے میں چھپے ہوئے ممکنہ سہولت کاروں یا باقی ماندہ دہشت گردوں کو بھی تلاش کیا جا سکے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ریاست کے دشمنوں کو ایک ایک کرکے ختم کیا جائے گا اور کسی بھی قیمت پر ملک کے امن اور عوام کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔