وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کیا ’ویزا ایجنٹس‘ کے خلاف بڑا اعلان

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کیا ’ویزا ایجنٹس‘ کے خلاف بڑا اعلان

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ویزا ایجنٹ مافیا پیسوں کے لالچ میں معصوم شہریوں کے مستقبل سے کھیل رہا ہے اور ملک کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے۔ جعلی وعدوں پر بیرونِ ملک بھیجے جانے والے لوگوں کے ساتھ دھوکا کرنے والے ایجنٹوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ہفتہ کے روز اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے 2 گھنٹے گزارے، اس دوران محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز، عملے کی موجودگی، کارکردگی، دستاویزات کی جانچ کے عمل اور مسافروں کو درپیش مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں:چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سعودی وزیر کھیل سے اہم ملاقات، اسپورٹس کے مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال

اس دوران محسن نقوی نے بیرونِ ملک جانے والے متعدد مسافروں سے ملاقات کی اور ان سے امیگریشن عملے کے رویے اور سہولتوں کے معیار کے بارے میں براہ راست رائے لی۔

محسن نقوی نے 7 نومبر کو ایک مسافر کی جانب سے امیگریشن پر عملہ کم ہونے کی شکایت پر سخت نوٹس لیا تھا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے پورے واقعے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ’آئندہ کسی مسافر کو اس نوعیت کی شکایت کا موقع نہیں ملنا چاہیے، امیگریشن کا نظام عوام کی سہولت کے لیے ہے، زحمت کے لیے نہیں‘۔

انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ ضروری اور مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بلاجواز روکنے سے گریز کیا جائے، تاہم جعلی یا غیر قانونی ذرائع سے سفر کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ’جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے سفر نہ صرف ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ ہزاروں نوجوانوں کو خطرات میں دھکیل دیتا ہے‘۔

محسن نقوی نے ویزا ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’ایجنٹ مافیا معصوم لوگوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر ان سے لاکھوں روپے ہتھیاتا ہے، بیرونِ ملک پہنچنے کے بعد یہ لوگ مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں، ایسے دھوکا باز ایجنٹوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے گی‘۔

مزید پڑھیں:محسن نقوی اور چینی سفیر کی ملاقات،سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پراتفاق

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ایئرپورٹ کے امیگریشن سسٹم کو مزید مؤثر، شفاف اور مسافر دوست بنایا جائے تاکہ پاکستان کا مثبت امیج برقرار رہے اور بیرونِ ملک سفر کرنے والے شہریوں کا اعتماد بحال ہو۔

اے ایس آئی علی اکبر پر فائرنگ کے واقعے پر افسوس

دوسری جانب، وفاقی وزیرِ داخلہ نے راولپنڈی میں اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی علی اکبر پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ‘اے ایس آئی علی اکبر نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم ان کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے‘۔

وزیرِ داخلہ نے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری اور بلا تاخیر گرفتاری کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’شہید اہلکار کے خون سے کھیلنے والے قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے، ذمہ داروں کو مثال بنایا جائے گا‘۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *