پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آج بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال، اس کے خطے میں پھیلاؤ اور اس کے علاقائی امن و استحکام پر پڑنے والے اثرات اور ممکنہ گھمبیر نتائج پر بھی تشویش ظاہر کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔