اسلام آباد، عوام کے لیے بڑی خوشخبری، 3 بڑے منصوبے تکمیل کے قریب

اسلام آباد، عوام کے لیے بڑی خوشخبری، 3 بڑے منصوبے تکمیل کے قریب

وفاقی دارالحکومت میں جاری 3 اہم ترقیاتی منصوبوں’ ٹی چوک فلائی اوور‘، ’شاہین چوک انڈر پاس اور فیض آباد انٹرچینج ‘ کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو تینوں منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے مختلف منصوبے شروع کررہے ہیں،شہباز شریف

وزیر داخلہ نے تینوں منصوبوں پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ان منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹریفک روانی میں نمایاں بہتری آئے گی، شہریوں کو آمدورفت میں بڑی سہولت ملے گی اور ٹریفک دباؤ میں واضح کمی ہو گی‘۔

فیض آباد انٹرچینج پر ٹریفک کے بہاؤ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے لوپ ون اور لوپ ٹو کو 3 لین کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد رش کے اوقات میں ٹریفک جام سے بچاؤ اور جڑواں شہروں کے درمیان سفر کو آسان بنانا ہے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد میں دسمبر تک 30 مفت وائی فائی پوائنٹس فعال کرنے کا اعلان

محسن نقوی نے انٹرچینج اور فلائی اوورز کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لیے دونوں اطراف لینڈ اسکیپنگ اور جدید لائٹس کی تنصیب کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری خوبصورت اور سہل ٹریفک ماحول کے حقدار ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور کی تکمیل سے نہ صرف اسلام آباد اور راولپنڈی کے باشندے بلکہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے آنے والے مسافر بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے بین المدن سفری سہولتوں میں اہم کردار ادا کریں گے اور مجموعی ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔

حکام کے مطابق تینوں منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور آنے والے ہفتوں میں ان کی تکمیل متوقع ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *