کینیڈا میں سکھ برادری کے افراد نے بھارتی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کے پاکستان سے متعلق حالیہ بیان کے خلاف ٹورنٹو میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سکھ رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی حکام کو پاکستان کے داخلی معاملات پر بات کرنے کے بجائے ’اپنے ملک‘پر توجہ دینی چاہیے، جو ان کے بقول خود اندرونی انتشار کا شکار ہے‘۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ’بھارت سیاسی تقسیم کی جانب بڑھ رہا ہے اور مختلف علاقوں میں خودمختاری کے مطالبات شدت اختیار کر رہے ہیں‘۔ انہوں نے اپنی دیرینہ پوزیشن دہراتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی پنجاب بہت جلد علیحدہ ہو کر ایک خودمختار خالصتان ریاست بنے گا‘۔ واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ سندھ بھارت کا حصہ ہے اور مستقبل میں وہ بھارت کا حصہ بن سکتا ہے۔
احتجاج پُرامن رہا اور مظاہرین نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ’بھارت میں انسانی حقوق کے مسائل‘ اور سکھوں کی ’سیاسی جدوجہد‘ کا نوٹس لے۔ کینیڈین حکام نے صورتحال پر نظر رکھی، تاہم کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔