وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں نجی شعبے کے ماہرین اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ٹیکس اصلاحات ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کا مقصد ٹیکس نظام میں اصلاحات کے ذریعے کاروباری ماحول کو بہتر بنانا اور برآمدات میں اضافے کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کرنا تھا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیکس ادا کرنے والے کاروباری حضرات اور کمپنیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط اور فعال کاروبار ہی ملک میں ٹیکس کی آمدنی میں اضافہ کا اصل ذریعہ ہیں شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ حکومت طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت کاروبار کو مزید مستحکم اور مسابقتی بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں نجی شعبے کے ماہرین کی جانب سے پیش کی گئی جامع تجاویز پر غور کیا گیا اوران پر عملدرآمد کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جو عملی اقدامات کی بنیاد پر لائحہ عمل تیار کرے گی۔
اس موقع پر کاروباری شخصیات نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا،اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
ورکنگ گروپ کے چیئرمین شہزاد سلیم اور دیگر ممبران نے اجلاس میں مختلف شعبوں میں ٹیکس کی شرح اور ان کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔
اجلاس میں شرکت کرنے والے شرکا نے پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ضروری ٹیکس اصلاحات پر تجاویز پیش کیں اور خطے میں پاکستانی کاروباری شعبے کی مسابقت بڑھانے کے حوالے سے بھی مفید مشورے دیے گئے۔