سام سنگ نے اسمارٹ فون کی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنا پہلا ملٹی فولڈنگ فون، گیلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ متعارف کروا دیا ہے۔یہ قدم اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کمپنی فولڈ ایبل ڈیوائسز کے شعبے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے چینی حریفوں کے مقابلے میں اپنی موجودگی مضبوط کرنا چاہتی ہے۔
نئے فون کی قیمت تقریباً 2440 ڈالر یعنی پاکستانی کرنسی میں تقریباً 6 لاکھ 90 ہزار روپے ہے یہ ڈیوائس تین پینلز پر مشتمل ہے اور 10 انچ کے بڑے ڈسپلے کے ساتھ آتا ہے جو سام سنگ کے حالیہ گیلیکسی زیڈ فولڈ 7 سے تقریباً 25 فیصد بڑا ہے۔
اس میں کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ سب سے بڑی بیٹری شامل ہے جو سپر فاسٹ چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے اور صرف 30 منٹ میں 50 فیصد تک فون چارج کر دیتی ہے۔
سام سنگ کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ اور کوریا سیلز اینڈ مارکیٹنگ کے سربراہ الیکس لِم نے کہا کہ فولڈ ایبل مارکیٹ میں ترقی کی کافی گنجائش موجود ہے اور ٹرائی فولڈ جیسے ماڈلز اس شعبے میں تیز رفتار نمو کے لیے محرک ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فون خاص طور پر ان صارفین کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو جدید اور منفرد ڈیوائسز کی خواہش رکھتے ہیں جنوبی کوریا میں یہ فون 12 دسمبر سے دستیاب ہوگا، اور اسی سال کے اندر اسے چین، سنگاپور، تائیوان اور متحدہ عرب امارات میں بھی متعارف کرایا جائے گا، جبکہ امریکہ میں اس کی لانچنگ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔
الیکس لِم نے قیمت کے تعین کے حوالے سے بتایا کہ میموری چپس اور دیگر پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمت نے فیصلہ کرنا مشکل بنایا
تاہم سام سنگ نے صارفین کے لیے اعلیٰ معیار اور جدید تکنیکی سہولیات کو ترجیح دی ہے یہ نیا ملٹی فولڈنگ فون سام سنگ کی اسمارٹ فون مارکیٹ میں جدیدیت اور جدت طرازی کے عزم کی واضح مثال ہے۔