پاکستان کا تجارتی خسارہ 37 فیصد بڑھ گیا

پاکستان کا تجارتی خسارہ 37 فیصد بڑھ گیا

پاکستان کے تجارتی شعبے کو نئے مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں شدید دھچکا لگا ہے، پہلے 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 37 فیصد تک بڑھ گیا۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی برآمدات میں نمایاں کمی جبکہ درآمدات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایندھن کی درآمدات میں اضافہ، پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھ کر 13.97 ارب ڈالرتک پہنچ گیا

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق موجودہ صورتِ حال کی بنیادی وجوہات علاقائی کشیدگی، بڑھتی ہوئی تجارتی رکاوٹیں اور غیر یقینی معاشی ماحول ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 37 فیصد سے زیادہ بڑھ کر 15.46 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 11.27 ارب ڈالر تھا۔ اس طرح محض پانچ ماہ کے دوران خسارے میں 4.19 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

برآمدات میں 877 ملین ڈالر کی کمی

اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے نومبر کے درمیان برآمدات میں 877 ملین ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ اس مدت میں مجموعی برآمدات 12.84 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو گزشتہ سال کے انہی مہینوں میں 13.72 ارب ڈالر تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقائی تناؤ اور تجارتی پابندیوں کے باعث مختلف شعبوں کی برآمدات متاثر ہوئیں، خصوصاً خوراک کی برآمدات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

درآمدات 13.26 فیصد اضافے کے ساتھ 28 ارب ڈالر سے تجاوز

برآمدات میں کمی کے برعکس پاکستان کا درآمدی بل مسلسل بڑھتا رہا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر کے دوران درآمدات 13.26 فیصد اضافے کے ساتھ 28.31 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ درآمدات اور برآمدات کے درمیان بڑھتا ہوا فرق تجارتی خسارے میں تیزی سے اضافے کا مرکزی سبب بنا۔

مزید پڑھیں:ایف بی آر کو 198 ارب روپے کا ریونیو خسارہ، ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

ایک ماہ میں برآمدات میں 15.80 فیصد کمی

ماہِ نومبر 2025 پاکستان کے لیے خاص طور پر مشکل ثابت ہوا۔ بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں برآمدات میں 450 ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جو 15.80 فیصد کمی کے برابر ہے۔ برآمدات اکتوبر کے 2.84 ارب ڈالر سے گھٹ کر نومبر میں 2.39 ارب ڈالر رہ گئیں۔ سالانہ بنیاد پر بھی نومبر 2024 کے مقابلے میں برآمدات 15.35 فیصد کم ہوئیں۔

اگرچہ نومبر میں درآمدات میں بھی 13.70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 5.25 ارب ڈالر تک محدود رہیں، تاہم تجارتی خسارہ اب بھی 2.85 ارب ڈالر رہا، جو اکتوبر کے مقابلے میں 11.86 فیصد کم تھا۔

سالانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 33 فیصد بڑھ گیا

رپورٹ کے مطابق نومبر کے مہینے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تجارتی خسارہ 33 فیصد بڑھ گیا۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ برآمدی شعبے کی کمزور بنیادیں، عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتِ حال اور علاقائی کشیدگی مجموعی کارکردگی پر منفی اثر ڈال رہی ہیں۔

بیورو آف اسٹیٹسٹکس نے خبردار کیا ہے کہ اگر علاقائی صورتحال میں بہتری نہ آئی اور تجارتی رکاوٹیں ختم نہ ہوئیں تو آئندہ مہینوں میں تجارت مزید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *