ڈی آئی خان پنیالہ تھانہ حدود میں دھماکہ، 3 پولیس جوان شہید

ڈی آئی خان پنیالہ تھانہ حدود میں دھماکہ، 3 پولیس جوان شہید

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پنیالہ تھانہ کی حدود میں فتنہ الخوارج دہشتگردوں نے پولیس موبائل وین کو نشانہ بناتے ہوئے دھماکہ کیا ہے جس میں 3 پولیس جوان شہید ہو گئے۔

حکام کے مطابق دھماکہ بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) کے ذریعے کیا گیا، جس سے پولیس وین کو شدید نقصان پہنچا اور قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیصل آباد: کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ، 17 افراد جاں بحق

پولیس کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں، جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس وین معمول کی گشت پر تھی جب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور مقامی جغرافیے کو مدنظر رکھتے ہوئے امکان ہے کہ حملہ پہلے سے نصب بارودی سرنگ کے ذریعے کیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دہشتگردی کے اس واقعے کے بعد پنیالہ تھانہ اور ملحقہ تھانوں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ داخلی اور خارجی راستوں پر آنے جانے والے افراد کی کڑی نگرانی کریں۔ علاقے میں متعدد ناکے قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا، دوہ غوڑاپل کے قریب خود کش دھماکہ، سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن شروع

پولیس نے اسپتال انتظامیہ کو بھی الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ زخمی یا ہنگامی صورتِ حال سے فوری نمٹا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حملے کو خطے میں حالیہ سیکیورٹی چیلنجز کے تسلسل کا حصہ قرار دے رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید معلومات تفتیش مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *