طلبا کے لیے اہم خبر آ گئی ، پنجاب حکومت نے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے امتحانات رمضان اور عیدالفطر کے بعد لینے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات رمضان المبارک اور عیدالفطر کے بعد لیے جائیں گے۔
میٹرک امتحانات 24 مارچ 2026 سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
لاہور بورڈ سے میٹرک کا امتحان دینے والے طلبہ کی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہوتی ہے ، محکمہ تعلیم کے اس فیصلے سے طلبہ کو امتحانات کی تیاری کیلئے مزید وقت مل گیا۔
اس سے قبل محکمہ تعلیم نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 3 مارچ 2026 سے شروع کرنیکا اعلان کیا تھا جبکہ نئے تعلیمی سال کے حوالے سے محکمہ تعلیم نے اسکولوں کی داخلہ پالیسی میں بھی چند اہم تبدیلیاں متعارف کرائی تاکہ داخلہ کے عمل کو آسان، شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
اسی سلسلے میں سرکاری اسکولوں کا سالانہ کیلنڈر بھی اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جبکہ نصاب میں کچھ ترمیمات کی اجازت دی گئی ہے۔ ان تمام تبدیلیوں کا مقصد طلبہ کے تعلیمی معیار اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب ٹیچرز یونین پنجاب نے بھی امتحانات کی تاریخ میں تببدیلی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کے بعد پیپرز لینے کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔