فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے رائل سعودی لینڈ فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجزہانی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور مشترکہ دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں عسکری قیادتوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل المدتی، برادرانہ اور اسٹریٹجک عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط دفاعی اشتراک پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تربیت، کیپسٹی بلڈنگ اور انٹیلی جنس شیئرنگ جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مزید وسعت کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجزہانی نے پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، جس کے بعد ملاقات کا باضابطہ آغاز ہوا۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی جانب اہم قدم قرار دی جاتی ہے۔