امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا کے پہلے امن ایوارڈ سے نواز دیا گیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن ایوارڈ فیفا کے صدر نے دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فیفا امن انعام جیتنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ہم نے بہت سی جانیں بچائی ہیں، 2026 کے ورلڈ کپ میں ہم آہنگی کے لیے کینیڈا، میکسیکو کے ساتھ کام کررہے ہیں۔
یہ ایوارڈ انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کی قرعہ اندازی کے موقع پر حاصل کیا۔ اس تقریب میں امریکی صدر ٹرمپ خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور ان کی بیٹی ٹفنی کے ساتھ شریک تھے۔
فیفا کے مطابق انعام کا مقصد “ان افراد کو انعام دینا ہے جنہوں نے امن کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں اور ایسا کرکے دنیا بھر کے لوگوں کو متحد کیا ہے۔
ادھر صدر ٹرمپ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے ڈرا کی تقریب میں پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نےکہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء ڈرا کے موقع پر میکسیکو اور کینیڈا کے رہنماؤں سے ملاقات کر سکتا ہوں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ملاقات میں تجارت اور امیگریشن سے متعلق گفتگو کروں گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فیفا کی جانب سے گزشتہ ماہ اس ایوارڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔ فیفا کا کہنا تھا کہ ایوارڈ ان کو دیا جائے گا جنہوں نے امن کے لیے غیر معمولی کوششیں کیں۔
علاوہ ازیں فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے ڈراز کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔میسکیکو گروپ اے، کینیڈا گروپ بی اور امریکا گروپ ڈی میں شامل ہیں، میگا ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی تک کھیلا جائے گا۔