وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کھلی مخالفت کرتی ہے، پی ٹی آئی کے لوگ طالبان کو بھتہ دیتے ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سیاستدانوں سے بات کرنے سے انکار کرتے رہے، پی ٹی آئی کے جس بھی شخص نے پاکستان مخالف بات کی ہے، اس کی پارٹی نے ایک بار بھی مذمت نہیں کی، فوج پر تنقید ہم نے بھی کی لیکن کبھی سرخ لکیر عبور نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہے، بیرسٹر گوہر کو کوئی لفٹ نہیں کراتا، ان کی پارٹی کے ورکرز ان کے خلاف بیان دیتے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ تحریک انصاف دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کھلی مخالفت کرتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کیا بات کریں گے جب ان کی اپنی پارٹی مخالفانہ بیانات دے رہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نوازشریف نے ماضی میں جو بھارتی میڈیا کو انٹرویوز دیے، اس میں کبھی پاکستان کے وجود اور سالمیت کے خلاف بات نہیں کی ، پی پی اور ن لیگ نے کبھی 9 مئی جیسا اقدام نہیں کیا، پیپلز پارٹی کے لیڈر کو پھانسی دی گئی، اس کے باوجود انہوں نے 9 مئی جیسا واقعہ نہیں کیا، محترمہ بےنظیر بھٹو کو شہید کیا گیا پیپلز پارٹی نے تو کبھی بھارت کو آواز نہیں دی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو قید کیا گیا ان کو 3 مرتبہ ہٹایا گیا لیکن کبھی ریڈلائن کراس نہیں کی۔