پاکستان آٹو شو 2025 میں ’ایم جی یو 9‘ کی شاندار نقاب کشائی کر دی گئی، جہاں کمپنی نے نہ صرف گاڑی کو پہلی بار عوام کے سامنے پیش کیا بلکہ اس کی باضابطہ قیمت کا اعلان بھی کیا۔
کمپنی کے مطابق پری بُکنگ مرحلے میں گاڑی کی ابتدائی قیمت 80 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم اب متعارف کرائے گئے ماڈلز کی نئی قیمتیں اس سے خاصی مختلف ہیں۔
ایم جی موٹرز نے پاکستان میں اپنا پہلا ڈیزل سے چلنے والا پک اپ ٹرک ’یو 9‘ پیش کر کے مقامی آٹو انڈسٹری میں نئی مسابقت کو جنم دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی کارکردگی، مضبوطی اور جدید ٹیکنالوجی کا مجموعہ ہے اور اس کا مقصد باذوق صارفین کو ایک ایسا ٹرک فراہم کرنا ہے جو طاقت کے ساتھ سہولت بھی فراہم کرے۔
’یو 9‘ کی تکنیکی خصوصیات اس کی اہم ترین خوبیوں میں شمار کی جا رہی ہیں۔ گاڑی میں 2.5 لیٹر ٹربو ڈیزل انجن دیا گیا ہے، جبکہ مضبوط 4×4 ڈرائیو ٹرین کے ساتھ ڈفرینشل لاکس اسے مشکل راستوں پر بھی قابلِ اعتماد بناتے ہیں۔ 3 ہزار 500 کلوگرام کھینچنے کی صلاحیت اسے ہیوی لوڈ ٹرانسپورٹ کے لیے موزوں بناتی ہے۔ 20 انچ الائے وہیلز، 7 ایئر بیگز پر مشتمل سیفٹی سسٹم، اور جدید L2-ADAS ٹیکنالوجی اسے اپنے مقابل ماڈلز کے مقابلے میں نمایاں کرتی ہے۔
آرام دہ اور جدید انٹیریئر بھی ‘یو 9’ کی خاص پہچان ہے، جس میں 12.3 انچ کا انفوٹینمنٹ سسٹم، کشادہ کیبن اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق ان خصوصیات کے باعث گاڑی نہ صرف آف روڈ بلکہ شہری استعمال کے لیے بھی بہترین انتخاب ہے۔
ایم جی نے ’یو 9 پرو‘ کی قیمت 22,749,000 روپے مقرر کی ہے، جو ایکس فیکٹری قیمت ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ قیمت پاکستانی مارکیٹ میں موجود دیگر پک اپ ٹرکس کے مقابلے میں اس کی پوزیشن مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
دوسرے ویرینٹ ’Explore Pro + Smart Hatch Option‘ میں اضافی خصوصیات، خصوصاً اسمارٹ ہیچ، شامل کی گئی ہیں۔ اس ویرینٹ کی قیمت 23,949,000 روپے رکھی گئی ہے، جو کہ اسٹینڈرڈ ’Explore Pro‘ ماڈل سے 12 لاکھ روپے زیادہ ہے۔
کمپنی کے مطابق دونوں ویرینٹس مناسب قیمت کے ساتھ بہترین پرفارمنس فراہم کرتے ہیں اور مقامی خریداروں کو نئی آپشنز دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔