سرمایہ کاروں کی چاندی: 2098 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ توڑ کاروبار

سرمایہ کاروں کی چاندی: 2098 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ توڑ کاروبار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے دوران مثبت رجحان نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ آج صبح کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں خریداری کا رجحان غالب رہا اور 100 انڈیکس میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق، پی ایس ایکس کے 100 انڈیکس میں 2098 پوائنٹس کا بھاری اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 48 ہزار 941 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج کریش کر گئی

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تیزی ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ کاروبار کے دوران بینکنگ، توانائی، سیمنٹ اور کھاد کے شعبوں میں خاص طور پر زیادہ خریداری دیکھی گئی، جس سے بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔

ماہرین معیشت کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کی واپسی اور مقامی اداروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر شیئرز کی خریداری نے مارکیٹ کو 1 لاکھ  48 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں مدد دی ہے۔ اس کے علاوہ، حکومت کی جانب سے حالیہ معاشی اصلاحات اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ ہونے والے کامیاب مذاکرات نے بھی مارکیٹ کے ماحول کو سازگار بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی ، انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر

اسٹاک مارکیٹ کے بروکرز کا کہنا ہے کہ اگر تیزی کا یہ رجحان اسی طرح جاری رہا تو انڈیکس بہت جلد 1 لاکھ 50 ہزار کی اہم ترین حد بھی عبور کر جائے گا۔

سرمایہ کاروں کے پورٹ فولیو میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس سے کاروباری حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ سرمایہ کار محتاط رہیں اور منافع کی وصولی کے لیے مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر کڑی نظر رکھیں۔

Related Articles