وفاقی حکومت نے ملک بھر کی موٹرویز کے ریسٹ ایریاز اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے جائزہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ تمام موٹرویز پر یکساں معیار کے بہترین واش رومز اور ریسٹ ایریاز فراہم کیے جائیں ، مسافروں کو وضو، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات آسانی سے دستیاب ہوں، جبکہ سیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی مضبوط بنائی جائے اور ریکارڈنگ کے کام کو آؤٹ سورس کیا جائے۔
وزیر مواصلات نے کہا کہ این ایچ اے کے افسران کو اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس ہونا چاہیے اور اختیارات کی واضح تقسیم کے ساتھ موثر لائحہ عمل بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افسر کام میں غفلت برتے گا اسے بلا امتیاز عہدے سے ہٹایا جائے گا۔
مزید براں، این ایچ اے کو اپنے ڈیش بورڈ کے ذریعے سینٹرل مانیٹرنگ بھی یقینی بنانی ہوگی۔
اجلاس میں ملک بھر کی موٹرویز پر غیر قانونی بل بورڈز اور اشتہارات ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، وفاقی وزیر نے سڑکوں کی خوبصورتی، صفائی اور گرین ایریاز کے فروغ کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں اور این ایچ اے سے ہفتہ وار رپورٹس طلب کیں۔
اس اقدام کا مقصد نہ صرف موٹرویز پر سہولیات کو مسافروں کے لیے بہتر بنانا ہے بلکہ سیکیورٹی، صفائی اور نظم و ضبط کو بھی مضبوط کرنا ہے تاکہ ملک کی سڑکیں محفوظ اور معیاری ہوں۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حادثات کی روک تھام اور جرائم کے سدِباب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، قانون کا بلاامتیاز نفاذ ہماری ترجیح ہے،موٹروے پولیس میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔