طلبا کی بڑی مشکل حل، اب گھر بیٹھے ڈگری تصدیق کروا سکیں گے

طلبا کی بڑی مشکل حل، اب گھر بیٹھے ڈگری تصدیق کروا سکیں گے

ملک بھر کے طلبا کے لیے بڑی سہولت متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جس کے تحت اب ڈگری کی تصدیق کے لیے ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ڈگری اٹیسٹیشن کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن منتقل کرنے اور اسے بلاک چین ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کا حتمی منصوبہ منظور کر لیا ہے، جس کے بعد تصدیق کا پورا نظام ڈیجیٹل، محفوظ، مؤثر اور شفاف ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:دورہ ملائیشیا : وزیراعظم شہبازشریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا گیا

ایچ ای سی کے مطابق بلاک چین پر مبنی نیا نظام آئندہ 6 ماہ میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، جبکہ اس کی تیاری کے لیے پروکیورمنٹ کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی نذیر محمود نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ کو جلد از جلد اس سہولت سے فائدہ مل سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت طلبہ کو نہ تو کوئی دستاویزات جسمانی طور پر جمع کرانا پڑیں گی اور نہ ہی تصدیق کے لیے ایچ ای سی کے دفاتر میں حاضری دینا ہوگی۔ تمام مراحل آن لائن پورٹل کے ذریعے انجام پائیں گے اور تصدیق شدہ ریکارڈ براہ راست متعلقہ اداروں تک رسائی کے لیے محفوظ رہے گا۔

ایچ ای سی نے ان 25 اعلیٰ تعلیمی اداروں کی نشاندہی بھی کی ہے جنہوں نے پہلے ہی مکمل ای آر پی (انٹرپرائز ریسورس پلاننگ) سسٹم نافذ کر رکھا ہے۔ ان اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی ڈگریاں گریجویشن کے ساتھ ہی خودکار طور پر بلاک چین سسٹم کا حصہ بن جائیں گی، جس کے بعد انہیں کسی قسم کی دستاویز جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ڈگری کی تصدیق ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے فوری طور پر ممکن ہو سکے گی۔

ایسے اداروں میں جہاں فی الحال ای آر پی سسٹم موجود نہیں، وہاں بھی طلبا اپنی ڈگریاں اور ٹرانسکرپٹس آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں گے۔ یہ ریکارڈ براہ راست متعلقہ یونیورسٹی کے ڈیش بورڈ پر منتقل ہو جائے گا، جہاں سے تصدیق کے بعد اسے بلاک چین سسٹم میں شامل کر دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:جامعہ کراچی نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ایل ایل بی کی ڈگری منسوخ کر دی

ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت ڈگری تصدیق کا پورا عمل نہ صرف آن لائن ہوگا بلکہ مکمل طور پر کاغذ سے پاک اور جعلسازی سے محفوظ بھی ہوگا۔ بلاک چین پر محفوظ کیے گئے ریکارڈ تک سرکاری ادارے، وزارتِ خارجہ، سفارتخانے اور نجی کمپنیاں فوری رسائی حاصل کر سکیں گی، جس سے بھرتی اور بیرونِ ملک تعلیم کے لیے دستاویزات کی تصدیق پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گی۔

حکام کے مطابق اس جدید نظام کے نفاذ کے بعد دستی مہروں، کاغذی دستاویزات، لمبی قطاروں اور ٹائم لگانے والے مراحل کی ضرورت ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی، اور طلبا گھر بیٹھے چند کلکس میں اپنی ڈگری کی تصدیق حاصل کر سکیں گے۔

Related Articles