وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی تعمیراتی سیاست نے نعرے بازی اور سیاسی شعبدے بازی کو دفن کر دیا ہے۔
گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ تعمیراتی سیاست کا آغاز ہوا ہے ، نوازشریف نے بطور وزیراعلیٰ اور وزیراعظم جو کام انجام دیے تاریخ ہمیشہ یاد رکھےگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اگر ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ میں حالات مختلف ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ آج آپ کے شہر میں جو منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تحفہ دیا ہے اس سے پوری ضلع کی تقدیر بدلے گی، اس منصوبے سے شہریوں کو بے پناہ سہولتیں میسر ہوں گی ، اس منصوبے سے بچے وقت پر سکول پہنچ سکیں گے، مزدور کارخانوں میں، وکلا عدالتوں میں پہنچ سکیں گے، غرض یہ کہ ماس ٹرانزٹ منصوبے سے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا مستفید ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا تھا مگر اسموگ میں آج کمی آئی ہے تو اس پر مریم نواز اور ان کی ٹیم کو شاباش ملنی چاہیے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی میراث کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہیں، یہ تمام کام کوئی چاہے بھی تو چھپا نہیں سکتا، مخالف کو بھی ان کاموں کا اقرار کرنا پڑے گا۔