اسلام آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دوستی کے نام پر ایک فلپائنی سیاح کو لوٹ لیا گیا۔ کراچی کے رہائشی عبدالصمد سلمان نامی نوجوان نے مبینہ طور پر فلپائن سے آئے ہوئے سیاح رِیان روساریو سے دوستی کی اور اسی دوستی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس سے لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگیا۔
فلپائنی سیاح رِیان روساریو نے تھانہ لوئی بھیر اسلام آباد میں کارروائی کی درخواست جمع کرواتے ہوئے پولیس سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ سیاح نے بتایا کہ وہ پاکستان میں تین ماہ کے لیے آثارِ قدیمہ اور خوبصورت مقامات کی سیر کے لیے آیا ہے، اور اسے مقامی لوگوں سے بہترین تعاون اور محبت ملی ہے۔
رِیان روساریو کا کہنا تھا کہ:
“پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں، لیکن مجھے عبدالصمد سلمان نے دھوکہ دیا جس کا مجھے بہت دکھ ہے۔”
پولیس نے واقعے کی درخواست وصول کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ سیاح نے امید ظاہر کی ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے گا۔