پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری بیٹھ گئی، انڈیگو ایئرلائن کی 500 پروازیں منسوخ

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری بیٹھ گئی، انڈیگو ایئرلائن کی 500 پروازیں منسوخ

بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری مسلسل بحران کا شکار ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو نے ملک بھر میں 500 پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

عالمی نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق پائلٹ ڈیوٹی قوانین میں بدانتظامی اور ناقص منصوبہ بندی نے ایئرلائن کو شدید بحران میں دھکیل دیا ہے۔ 4 روز سے جاری اس بحران نے انڈیگو کے پورے اندرونِ ملک نیٹ ورک کو مفلوج کر دیا ہے اور ایئرپورٹ حکام کے مطابق ممبئی میں 104، بنگلورو میں 102 اور حیدرآباد میں 92 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں توسیع

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ایئرلائن کی وقت پر پرواز کی شرح صرف 8.5 فیصد رہ گئی ہے، جبکہ انڈیگو اندرونِ ملک فضائی آپریشن میں 60 فیصد سے زائد حصص کی حامل تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود پرعائد کی جانے والی پابندیاں اور بھارتی خودساختہ پائلٹ قوانین نے انڈیگو ایئرلائن کو مزید شدید بحران میں دھکیل دیا ہے، جس سے نہ صرف ایئرلائن بلکہ ملک کی ایوی ایشن انڈسٹری کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے، موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت کی دیگر نجی ایئرلائنز مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لُوٹنے میں مصروف ہیں۔

عوامی ردعمل میں کہا جا رہا ہے کہ مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور دائمی انتظامی خامیوں نے بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری کو تاریخی بحران میں دھکیل دیا ہے اور ملک میں ’نام نہاد شائننگ انڈیا‘ کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔

انڈیگو کے اس بڑے آپریشنل بریک ڈاؤن سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی ایوی ایشن نہ صرف اندرونِ ملک بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی منہ کی کھا رہی ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے حالات ملک کی اقتصادی ترقی اور مسافروں کے اعتماد کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں توسیع ، بھارتی ائیرلائنز کو کروڑوں کا نقصان

بھارتی وزارت ہوابازی کے ذرائع کے مطابق ایئرلائن بحران کے فوری حل کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، اور حکام ایئرلائن کے نیٹ ورک کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ملک کی ایوی ایشن ساکھ کو برقرار رکھا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *