پاکستان کے معتبر علما نے قومی سطح پر پھیلائے جانے والے فتنہ پرور بیانیوں کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر جو قوم کو تقسیم اور انتشار کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، مسترد کیے جائیں۔
معروف عالم دین مولانا مقصود قاسم قاسمی نے واضح کیا کہ ’پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے‘، انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک کے اندر فساد اور جھوٹ پر مبنی انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، ان کو روکنا ناگزیر ہے۔
مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ ’پاکستان اس وقت انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ اور انہوں نے انتشار پھیلانے والوں سے بھی درخواست کی کہ ’اپنی سیاست کو چھوڑ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں‘۔ ان کے مطابق قوموں کی ترقی اور سرخروئی کا دارومدار سچائی پر ہوتا ہے، اور سچی قومیں ہمیشہ کامیاب ہوتی ہیں۔
مولانا مقصود قاسم قاسمی نے نبی کریم ﷺ کے ارشادات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’کامیابی ہمیشہ سچائی میں ہے اور جھوٹ ہلاکت اور ذلت کی طرف لے جاتا ہے‘، انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ تباہی اور انتشار پر مبنی جھوٹے بیانیوں اور پروپیگنڈا کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جب انتشار پھیلانے والوں کی اصلاح کی جاتی ہے تو وہ اعتراف نہیں کرتے‘، اور قرآن مجید کی تعلیمات کے مطابق زمین پر فساد پھیلانے والوں کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
علما کا کہنا ہے کہ قوم کو داخلی دشمنی اور جھوٹے بیانیوں سے بچانے کے لیے ہر شہری کو اتحاد، سچائی اور قومی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان ایک مستحکم اور ترقی یافتہ ملک بن سکے۔