سی ٹی ڈی نے بھارتی خفیہ ایجنسی کی گھناؤنی سازش ناکام بنادی

سی ٹی ڈی نے بھارتی خفیہ ایجنسی کی گھناؤنی سازش ناکام بنادی

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے مربوط 12 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ان کارروائیوں نے ان شہروں کو ممکنہ بڑی تباہی سے بچا لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، آئی ای ڈی بم، اہم مقامات کی تصاویر، ویڈیوز، لوکیشن ڈیٹا اور نقدی برآمد کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ‘گرفتار ملزمان کے موبائل فونز سے حساس اداروں اور حساس مقامات کی تصویریں اور ویڈیوز بھی حاصل کی گئی ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔’

یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت فضائی جھڑپ میں لاپتہ بھارتی رافیل پائلٹ شیوانگی سنگھ منظرِ عام پرآگئیں

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار مشتبہ افراد کے قبضے سے ایک مقامی مدرسے اور ایک عوامی میلے کی تصاویر، ویڈیوز اور جی پی ایس لوکیشنز بھی برآمد ہوئیں، جنہیں بظاہر ممکنہ ہدف کے طور پر چنا گیا تھا۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ فیصل آباد سے گرفتار مشتبہ افراد صوبے میں خوف و ہراس اور مذہبی منافرت پھیلانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ گرفتار افراد میں لاہور سے سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز شامل ہیں جبکہ فیصل آباد سے دانش اور بہاولپور سے رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف کو حراست میں لیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کی گرفتاری ایک فیس بک آئی ڈی ’عادل‘ کے سراغ سے ممکن ہوئی، جو مبینہ طور پر بھارت میں بیٹھ کر را کے لیے کام کر رہی تھی اور مشتبہ افراد کے ساتھ رابطے میں تھی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ’سکھ دیپ سنگھ پیدائشی طور پر کرسچن تھا اور کچھ عرصہ قبل اس نے مبینہ طور پر مذہب تبدیل کیا تھا‘۔ مزید دعویٰ کیا گیا کہ تمام مشتبہ افراد کو بیرونِ ملک سے فنڈنگ فراہم کی جا رہی تھی جس کا مقصد صوبے کے مختلف شہروں میں بدامنی پھیلانا تھا۔

مزید پڑھیں:بھارتی سازشیں جاری، سیکیورٹی فورسز  نے ظفروال اور ڈیرہ غازی خان کو بڑی تباہی سے بچالیا

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ ان کے قبضے سے برآمد مواد میں 7 آئی ای ڈی بم، 2 ڈیٹونیٹر، 102 فٹ فیوز وائر، موبائل فونز، نقدی اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں اور مختلف شہروں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *