بھارتی سازشیں جاری، سیکیورٹی فورسز  نے ظفروال اور ڈیرہ غازی خان کو بڑی تباہی سے بچالیا

بھارتی سازشیں جاری، سیکیورٹی فورسز  نے ظفروال اور ڈیرہ غازی خان کو بڑی تباہی سے بچالیا

پنجاب کے 2 سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ طور پر بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔ ظفروال میں بھارتی ساختہ بارودی سرنگ برآمد کی گئی جبکہ ڈیرہ غازی خان میں دہشتگردی کی بڑی سازش کو ناکام بنایا دیا گیا۔

نالہ ڈیک کے قریب بھارتی ساختہ بارودی سرنگ برآمد

میڈیا رپورٹ کے مطابق ظفروال کے علاقے دیولی میں نالہ ڈیک کے قریب سے 18 پاؤنڈ وزنی بھارتی ساختہ بارودی سرنگ برآمد ہوئی۔ سول ڈیفنس ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو محفوظ بنایا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سرنگ کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 5 جوان شہید

میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ بارودی سرنگ بھارتی ساختہ تھی اور الزام عائد کیا کہ بھارت نالہ ڈیک کے پانی کے ذریعے پاکستان میں بارودی مواد پھینک رہا ہے۔ اہلکاروں کے مطابق بروقت کارروائی سے علاقہ بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔

ڈیرہ غازی خان میں دہشتگردی کی سازش ناکام

ادھر جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشتگردی کی سازش ناکام بنادی۔ جڈیوالی قبرستان کے قریب بارودی مواد نصب کیا گیا تھا، جو ایک حساس علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے رکھا گیا تھا۔

یہ بم مقامی پولیس، اسپیشل آپریشنز یونٹ (ایس او یو) اور ایلیٹ فورس کی مشترکہ کارروائی کے دوران برآمد ہوا اور اسے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی سے علاقے کو ایک ’بڑے سانحے‘ سے بچا لیا گیا ہے۔

سرحدی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان نے تصدیق کی کہ قبائلی اور حساس علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور سیکیورٹی ادارے ملک دشمن عناصر کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے دن رات سرگرم ہیں۔

مزید پڑھیں:بھارت میں ریاستی سرپرستی میں نوجوانوں کے ساتھ دھوکا، للت کمار کی موت فوجی اقدار کے زوال کی دردناک کہانی بن گئی

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے، کیونکہ سرحدی کشیدگی اور دہشتگردی کے خطرات اب بھی موجود ہیں۔

Related Articles