پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔
کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز کے پانچویں روز ایتھلیٹس کے فائنل مقابلے ہو رہے ہیں جہاں ارشد ندیم 81.81 میٹر کی تھرو پھینک کر پہلے نمبر پر رہے اور ایک بار پھر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا ۔
اسلامی یکجہتی گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والے پاکستان واپڈا ہی کے یاسر سلطان نے 70.77 میٹر کی تھرو کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پاک آرمی کے محمد ابرار 67.68 میٹر کی تھرو کر کے تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی بلاول بھٹو کے سامنے بھی نمائشی تھرو کی تھی۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں ریکارڈ تھرو کرنے والے ارشد ندیم نے حال ہی میں ریاض میں منعقدہ اسلامک گیمز میں 83.05 میٹر تھرو کرکے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔
انہوں نے گزشتہ برس کوئٹہ نیشنل گیمز میں بھی 78.02 میٹر تھرو کر کے گولڈ میڈل جیتا تھا۔ وہ پہلے ہی اگلے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ جولائی میں ارشد ندیم انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد انھیں سرجری بھی کروانی پڑی تھی، ان کے مطابق اسی انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہ ہونے کے باعث وہ رواں سال ستمبر میں کھیلے گئے ورلڈ ایٹھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں متاثرکن کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے اور تیسری تھرو کے بعد ہی میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے۔
علاوہ ازیں نیشنل گیمز کے شوٹنگ کے مقابلوں میں ہی پاکستان آرمی نے 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ اپنی برتری مستحکم کر لی ، نیوی نے ایونٹ میں 5 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھا ہے جبکہ اسی کیٹیگری کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان نیوی نے گولڈ، آرمی نے سلور اور ایچ ای سی نے برانز میڈل جیتا۔