پاکستان میں ایم جی نے اپنی نئی الیکٹرک گاڑی بنگو ای وی (Bingo EV) کی قیمت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد یہ کمپنی کی الیکٹرک وہیکل لائن اپ میں ایک اہم اور جدید اضافہ بن کر سامنے آئی ہے۔
پاکستان میں ای وی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ایم جی کی جانب سے اس نئے ماڈل کا متعارف کروانا صارفین کو ایک بہترین آپشن فراہم کرتا ہے۔
بنگو ای وی خاص طور پر عام استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے اور اپنی سادہ مگر دلکش ہیچ بیک ڈیزائننگ، جدید ٹیکنالوجی اور معاشی کارکردگی کے باعث توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔
گاڑی کا ریٹرو اسٹائلڈ ڈیزائن نہ صرف اسے منفرد بناتا ہے بلکہ شہر کے اندر روزمرہ سفر کے لیے اسے ایک سجیلا انتخاب بھی ثابت کرتا ہے، اس میں جدید فیچرز شامل ہیں جن میں ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر، کشادہ اندرونی جگہ اور آرام دہ نشستیں نمایاں ہیں۔
یہ چار افراد کے لیے مناسب بیٹھنے کی گنجائش فراہم کرتی ہے، جو اسے چھوٹے خاندانوں کے لیے ایک مثالی الیکٹرک گاڑی بناتا ہے۔
بنگو ای وی میں 31.9 kWh لی آئن فیرو فاسفیٹ (LFP) بیٹری نصب کی گئی ہے، جو نہ صرف محفوظ ہے بلکہ طویل عمر اور بہتر پرفارمنس کے لیے بھی جانی جاتی ہے۔ اس بیٹری کے ساتھ جوڑی گئی الیکٹرک موٹر 67 ہارس پاور اور 150 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے، جو شہری ڈرائیونگ کے لیے کافی ہے اور ہموار رفتار فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق گاڑی کی WLTP رینج 273 کلومیٹر ہے، جو روزمرہ کے معمول کے سفر کے لیے بالکل موزوں ہے۔
چارجنگ کے لحاظ سے بھی بنگو ای وی ایک بہترین آپشن ہے ، گاڑی ڈی سی فاسٹ چارجنگ اور اے سی نارمل چارجنگ دونوں سپورٹ کرتی ہے، ڈی سی فاسٹ چارجنگ کے ذریعے 30 فیصد سے 80 فیصد تک بیٹری صرف 35 منٹ میں چارج ہو سکتی ہے، جبکہ اے سی چارجنگ کے ذریعے 20 فیصد سے 100 فیصد چارجنگ میں تقریباً 5.5 گھنٹے لگتے ہیں۔
سیفٹی کے معاملے میں بھی گاڑی معیاری خصوصیات سے لیس ہے، اس میں ڈوئل فرنٹ ایئر بیگز، اے بی ایس، ای بی ڈی، ریئر پارکنگ سینسرز اور ریئر کیمرہ شامل ہیں، جو اسے ایک محفوظ گاڑی بناتے ہیں۔
ایم جی پاکستان نے بنگو ای وی کی قیمت 59 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی ہے، جو مقامی ای وی مارکیٹ میں ایک مضبوط نئی انٹری ثابت ہو رہی ہے۔
یہ گاڑی ڈیزائن، ٹیکنالوجی، رینج اور قیمت کے توازن کے ساتھ پاکستان کے شہریوں کے لیے ایک پرکشش انتخاب بن چکی ہے۔