پاکستان کے مشہور ڈرائیور سلطان گولڈن نے 2022 میں قائم ہونے والے تیز ترین ریورس کار ڈرائیو کے عالمی ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔
سلطان گولڈن نے ایک میل کا فاصلہ صرف 57 سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ یہ ریکارڈ پہلے ایک امریکی اسٹنٹ مین کے نام تھا، جس نے 2022 میں تیز ترین ریورس ڈرائیو کا عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔
ریکارڈ کے موقع پر شائقین کی جانب سے سلطان گولڈن کو بھرپور داد دی گئی۔ ایونٹ میں گورنر بلوچستان جعفرمند وخیل اور وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی بھی شریک ہوئے۔ تقریب میں سول اور عسکری حکام کے علاوہ بڑی تعداد میں شہری بھی موجود تھے، جبکہ میگا ایونٹ کے لیے مختلف ممالک سے مبصرین نے بھی شرکت کی۔
ایونٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سلطان گولڈن کو عالمی ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سلطان گولڈن کے لیے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔