عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو علی امین گنڈاپور نے 24 کروڑ روپے ادا کیے، شیرافضل مروت

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو علی امین گنڈاپور نے 24 کروڑ روپے ادا کیے، شیرافضل مروت

رکن قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے سما ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سنگین انکشافات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کے نام پر 38 کروڑ روپے اکٹھے کیے گئے، تاہم اس رقم کا کوئی حساب موجود نہیں اور یہ معلوم نہیں کہ یہ پیسہ کہاں گیا۔

شیر افضل مروت کے مطابق اس رقم کو علیمہ خان اور خدیجہ شاہ مینج کر رہی تھیں، لیکن اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ جمع ہونے والا پیسہ کس مد میں اور کہاں خرچ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر مکمل ابہام پایا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کا صرف ایک ہی وکیل ہے جس کا نام سلمان صفدر ہے، اور علی امین گنڈاپور نے سلمان صفدر کو 24 کروڑ روپے ادا کیے۔ شیر افضل مروت کے مطابق یہ صرف ایک رقم ہے جبکہ عمران خان کے وکلا کو اب تک ایک ارب روپے سے زائد کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔

شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا کہ اس جماعت میں وکیل لگانے پر بھی کمیشن لیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ میں جھوٹ بول رہا ہوں تو وہ سامنے آئے اور میری بات کی تردید کردے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بار کونسل انتخابات میں وکلا کمیونٹی نے تحریک انصاف کو مسترد کردیا

شیر افضل مروت نے 16 اپریل 2018 کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں NA-36 لکی مروت اور PK-91 لکی مروت-I سے بطور آزاد امیدوار انتخاب میں حصہ لیا تھا، تاہم انہیں بہت کم ووٹ ملے تھے۔

بعدازاں 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں شیر افضل مروت پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کے طور پر قومی اسمبلی کے NA-41 (لکی مروت) سے کامیاب ہوئے اور رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *