ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر اور پرکشش بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کا بنیادی مقصد شارٹس بنانے کے عمل کو آسان بنانا اور مواد تخلیق کرنے والوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوٹیوب کی جانب سے متعارف کرایا گیا یہ نیا فیچر دراصل ایک ’کریئٹ موڈ‘ ہے، جو ایپ میں موجود پلس آئیکون پر کلک کرنے سے فوری طور پر فعال ہو جاتا ہے، اس موڈ کے ذریعے صارفین کو ایک ہی جگہ پر تصاویر، ویڈیو کلپس، گرین اسکرین بیک گراؤنڈز، میوزک ٹریکس اور دیگر تخلیقی ٹولز تک براہ راست رسائی حاصل ہو جاتی ہے، جس سے شارٹس کی تیاری پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سہل ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئے کریئٹ موڈ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹولز بھی شامل کیے گئے ہیں، جو تخلیقی عمل کے دوران صارفین کی مدد کریں گے تاہم گوگل کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ اے آئی فیچرز تصاویر یا ویڈیوز کی تخلیق میں کس حد تک مؤثر ثابت ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امکان ہے صارفین تحریری ہدایات یا پرومپٹس کے ذریعے مطلوبہ مواد تیار کر سکیں گے اگرچہ یہ موڈ مکمل طور پر نیا تصور نہیں، کیونکہ یوٹیوب ایپ میں پہلے بھی کچھ تجرباتی اے آئی فیچرز موجود رہے ہیں، تاہم کریئٹ موڈ کے ذریعے ان فیچرز کو زیادہ منظم اور بہتر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
فی الحال یہ نیا کریئٹ موڈ محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے اور کمپنی اس کے ذریعے شارٹس بنانے کے نئے اور آسان طریقوں کو جانچ رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام یوٹیوب کی جانب سے دیگر مختصر ویڈیو پلیٹ فارمز کے ساتھ مقابلے کو مضبوط بنانے اور کریئیٹرز کو مزید سہولت فراہم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔