انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی کمپنی گوگل نے میپس میں بڑی اپ ڈیٹ متعارف کر دی ہے، جس کے بعد صارفین اب صرف آواز کے ذریعے راستوں اور ٹریفک کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔
گوگل نے اپنی مشہور ایپ گوگل میپس کو ایک نئے انداز سے اپ ڈیٹ کر دیا ہے، جس سے یہ اب صرف نقشہ نہیں بلکہ ایک معاون ساتھی کی طرح کام کرے گا۔
نئے فیچرز کے ذریعے صارفین اب بغیر موبائل ہاتھ میں لیے صرف بول کر راستہ تلاش کر سکتے ہیں، مثال کے طور پر آپ کہہ سکتے ہیں کہ گوگل، قریب ترین ہسپتال دکھاؤ یا پیٹرول پمپ دکھاؤ جس کے پاس پارکنگ ہو۔
اگر راستے میں ٹریفک نہ ہو تو گوگل فوراً مناسب راستہ دکھا دے گا اور نقشے کی ہدایات اب کسی مشہور جگہ یا عمارت کی بنیاد پر دی جائیں گی، جیسے کہ ریسٹورنٹ کے بعد دائیں مڑیں، اس سے راستہ یاد رکھنا اور ڈرائیو کے دوران نیوی گیشن سمجھنا آسان ہو جائے گا۔
اسی کے ساتھ اگر راستے میں ٹریفک، سڑک بند یا کوئی حادثہ ہو تو صارف بول کر رپورٹ کر سکتا ہے اور گوگل میپس فوری طور پر دیگر ڈرائیورز کو بھی اطلاع دے گا۔
نیا فیچر ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون ہاتھ میں رکھنے کی ضرورت ختم کر دیتا ہے، جس سے سفر مزید محفوظ ہو جاتا ہے، اس کے ساتھ ہی مصروف یا اجنبی راستوں پر سمت معلوم کرنا آسان ہو جاتا ہے، جبکہ ٹریفک اور ممکنہ حادثات سے متعلق بروقت معلومات ملنے سے بہتر منصوبہ بندی بھی ممکن ہوتی ہے۔