عوام کیلیے خوشخبری: چینی کی قیمت میں یکدم بڑی کمی

عوام کیلیے خوشخبری: چینی کی قیمت میں یکدم بڑی کمی

مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ ہول سیل سطح پر چینی کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد صارفین کو مستقبل میں مزید ریلیف ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق حالیہ کمی کے بعد چینی کی ہول سیل قیمت 146 روپے فی کلو ہو گئی ہے، جبکہ چینی کی ایکس مل قیمت 142 روپے فی کلو مقرر ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کمی شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن کے آغاز کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہوئی اور قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔

چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے بتایا کہ یکم دسمبر سے اب تک چینی کی قیمت میں مجموعی طور پر 54 روپے فی کلو کمی ہو چکی ہے، جو مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔ ان کے مطابق چینی کی قیمتوں میں کمی کا یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہنے کی توقع ہے۔

تاہم دوسری جانب ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں تاحال کم نہ ہو سکیں۔ ریٹیل سطح پر چینی اب بھی 170 سے 180 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔ عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت اور مؤثر نگرانی کے فقدان کے باعث ریٹیل مارکیٹ میں چینی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے، جس کا بوجھ براہ راست عام صارف پر پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی رہائی یا سزا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،چینی سفارتخانہ

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ریٹیل مارکیٹ میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ہول سیل سطح پر ہونے والی کمی کا فائدہ عام شہریوں تک بھی پہنچ سکے۔ عبدالرؤف ابراہیم نے امید ظاہر کی کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی اور سپلائی کا نظام بہتر رہا تو رواں ماہ کے اختتام تک چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو تک آنے کی توقع ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق اگر انتظامیہ کی جانب سے سخت نگرانی اور قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات کیے گئے تو عوام کو مزید ریلیف مل سکتا ہے، تاہم فی الحال صارفین ریٹیل مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے منتظر ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *