امریکا ایران مسئلہ جلدحل ہو گا، وزیر اعظم اورفیلڈ مارشل پاکستان کی نمائندگی کریں گے ،وزیر داخلہ

امریکا ایران مسئلہ جلدحل ہو گا، وزیر اعظم اورفیلڈ مارشل پاکستان کی نمائندگی کریں گے ،وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ معاہدے کا مسئلہ جلد حل ہونے کی امید ہے اور فریقین کے درمیان صلح کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے۔

لاہور میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سے متعلق آئندہ ایک سے دو دن میں مثبت پیش رفت اور اچھی خبریں سامنے آ سکتی ہیں، خطے میں جاری صورتحال میں بہتری کے واضح امکانات پیدا ہو رہے ہیں اور سفارتی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان اس پورے عمل میں اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور معاہدے میں زیر اعظم اورفیلڈ مارشل پاکستان کی نمائندگی کریں گے

یہ بھی پڑھیں :محسن نقوی کی عباس عراقچی سے ملاقات، ایرانی سپریم لیڈر کیلیے وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا

ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ سکتی تھیں، تاہم حکومتی حکمت عملی کے باعث صورتحال نسبتاً مستحکم رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس پیش رفت پر امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران امن معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں میں اس کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تیاری کر رہا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق اگلے ہفتے تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی متوقع ہیں، جبکہ پاکستان اس پورے عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے والے فریقین کا شکریہ ادا کرتا ہے ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکنہ معاہدہ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔

 اگر یہ پیش رفت کامیاب ہوتی ہے تو اس کے اثرات نہ صرف خطے کی سیاست بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر بھی نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

editor

Related Articles