وفاقی حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے وفاقی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے ایک خوش آئند اور اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مسیحی ملازمین کو دسمبر کی تنخواہ اور پنشن مقررہ تاریخ سے قبل ایڈوانس میں ادا کی جائے گی، تاکہ وہ اپنے مذہبی تہوار کی تیاری بروقت اور سہولت کے ساتھ کر سکیں ، اس فیصلے کے تحت دسمبر کی تنخواہیں اور پنشن 22 دسمبر کو جاری کی جائیں گی۔
اس حوالے سے وفاقی وزارتِ خزانہ نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (سی جی اے) کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ 25 دسمبر کو کرسمس کی تعطیل کے پیشِ نظر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام وفاقی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ان کی تنخواہ اور پنشن مقررہ وقت سے پہلے ادا کی جائے۔
وزارتِ خزانہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ادائیگیوں کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو اور تمام انتظامی امور بروقت مکمل کیے جائیں۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں میں سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے مذہبی تہوار کی تیاری بغیر کسی مالی دباؤ کے کر سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پیشگی ادائیگی سے ملازمین اور پنشنرز کو گھریلو اخراجات، تحائف اور مذہبی تقریبات کے انتظام میں آسانی ہوگی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف اقلیتی برادری کے لیے سہولت کا باعث بنے گا بلکہ اس سے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حکومتی عزم کی بھی عکاسی ہوتی ہے، تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی حقوق اور سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
مسیحی برادری کے نمائندوں اور سرکاری ملازمین نے حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دیا ہے۔