محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں موسم خشک اور رات و صبح کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت بعض علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہر قائد کراچی میں اس وقت درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق کی جانب سے خشک ہوائیں 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کا فضائی معیار آج بھی مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کا دسواں نمبر ہے جبکہ شہر کا سب سے زیادہ آلودہ علاقہ کورنگی صنعتی ایریا قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبے کے چند بالائی اضلاع میں شدید سردی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چترال میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاراچنار میں ایک، دیر میں دو جبکہ چترال، دروش، کاکول اور کالام میں کم سے کم درجہ حرارت تین تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بالاکوٹ، تیمرگرہ اور میرکھنی میں چار چار جبکہ سیدوشریف اور مالم جبہ میں پانچ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تخت بائی اور چراٹ میں درجہ حرارت چھ چھ ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں نو اور بنوں میں گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران سرد اور خشک موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔