پشاور میں سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک، 2 فرار

پشاور میں سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک، 2 فرار

پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے بڑی تخریبی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے تھانہ متنی کی حدود میں کارروائی کے دوران 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ان کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:ہنگو، پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج دہشتگردوں کا حملہ، 3 جوان شہید

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ادارے کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اضاخیل روڈ پر خون بابا قبرستان کے قریب چند شرپسند عناصر کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کے لیے جمع ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیموں نے فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کر کے کارروائی شروع کی۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے حفاظتِ خوداختیاری کے تحت مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 3 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

کارروائی کے بعد علاقے کی مکمل تلاشی لی گئی، جس دوران ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے قبضے سے 3 عدد کلاشنکوف اور 9 عدد میگزینیں بھی تحویل میں لے لیں۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ ممکنہ طور پر دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

مزید پڑھیں:سیکیورٹی فورسز کی کرم میں انٹیلیجنس بیسڈ تازہ کارروائیاں، 22 فتنہ الخوارج دہشتگرد ہلاک

واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اور صوبے میں امن و امان کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Related Articles