کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے کہا ہے کہ بگ بیش لیگ میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں کو مکمل سیزن کھیلنے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے، جس سے پاکستان کے کرکٹرز اور شائقین میں پائے جانے والے خدشات ختم ہو گئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے بیگ بیش لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت اور آئندہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ بی بی ایل میں جن پاکستانی کھلاڑیوں کے معاہدے طے پا چکے ہیں، وہ پورا سیزن کھیلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے متعلقہ بورڈز کے درمیان رابطہ موجود ہے۔
ٹوڈ گرین برگ نے مزید بتایا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان مجوزہ ٹی ٹوئنٹی سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، تاہم اس سیریز کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان سے متعلق حتمی مشاورت ایشیز سیریز کے بعد کھلاڑیوں سے کی جائے گی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے تمام معاملات سے مکمل طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وہ خود 2022 میں کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور ان کے لیے یہ ایک خوشگوار اور مثبت تجربہ تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے بگ بیش لیگ کا مکمل سیزن نہ کھیلنے کے خدشات اس وقت پیدا ہوئے تھے جب پاکستان کے جنوری میں سری لنکا کے دورے کا شیڈول سامنے آیا۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا کی اس یقین دہانی کے بعد اب توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بی بی ایل میں بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل سیزن کھیل سکیں گے۔