نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی،خوش نصیبوں کا اعلان کردیا گیا

نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی،خوش نصیبوں کا اعلان کردیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بے گھر صنعتی ورکرز کے لیے ایک تاریخی اور عوام دوست اقدام کرتے ہوئے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی کر دی ہےاس موقع پر وزیراعلیٰ نے خود بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا آغاز کیا اور کامیاب قرار پانے والے صنعتی کارکنوں کو مبارکباد دی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے محنت کش خاندانوں کو سات دن کے اندر اندر فلیٹس کا قبضہ دے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماں جیسی ریاست نے 720 محنت کش خاندانوں کو ان کے اپنے گھروں میں بسانے کا بندوبست کر دیا ہے اور اب یہ خاندان ماہانہ کرائے اور بے دخلی کے خوف سے نجات حاصل کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے محنت کشوں کا باعزت سر چھپانے کا حق ہے اور حکومت اس حق کی عملی ضمانت فراہم کر رہی ہے،وزیراعلیٰ نے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بیواؤں اور خصوصی افراد کو قرعہ اندازی کے مرحلے سے الگ رکھ کر فوری طور پر فلیٹس فراہم کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب ای ٹیکسی اسکیم کی قرعہ اندازی سے متعلق بڑی خوشخبری

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ صنعتی ورکرز کے لیے مزید 1872 فلیٹس آئندہ 18 ماہ کے اندر مکمل کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ محنت کش خاندان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

مریم نواز شریف نے شیخوپورہ میں قائداعظم بزنس پارک میں 700 ورکرز کے لیے بیچلر ہاسٹل کی تعمیر تین ماہ میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی، انہوں نے خصوصی صنعتی ورکرز کی سہولت کے لیے یہ حکم دیا کہ انہیں گراؤنڈ فلور پر فلیٹس فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں روزمرہ زندگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے قصور سے تعلق رکھنے والے صنعتی ورکر ندیم طاہر کو خود فون کر کے مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اپنے والدین کو اپنے ساتھ رکھیں، کیونکہ ان کی دعاؤں کی بدولت ہی انہیں یہ خوشی نصیب ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پرائزبانڈ رکھنے والے افراد کے لئے بڑی خوشخبری

صوبائی وزیر محنت منشاء اللہ بٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صنعتی ورکرز کے لیے مفت فلیٹس، پلاٹس اور بیچلر ہاسٹلز کا منصوبہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کا تسلسل ہے۔اعداد و شمار کے مطابق قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے ورکرز میں قصور کے 480 اور لاہور کے 240 صنعتی کارکن شامل ہیں۔ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فلیٹس کے اس منصوبے کی مجموعی لاگت تین ارب 40 کروڑ روپے ہے، جبکہ ہر فلیٹ پر 36 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *