پنجاب کے وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے سخت اور عملی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔اس ضمن میں انہوں نے متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ نظرثانی شدہ کرایہ نامے فوری طور پر جاری کیے جائیں اور تمام اضلاع میں مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ ٹرانسپورٹ نے صوبے بھر میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے جو بس اڈوں، ویگن اسٹینڈز اوردیگر ٹرانسپورٹ پوائنٹس پر کرایوں کی جانچ کریں گی۔ان ٹیموں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فائدہ براہِ راست مسافروں تک منتقل ہو اور کسی بھی صورت زائد کرایہ وصول نہ کیا جائے۔
بلال اکبر خان نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ جو ٹرانسپورٹرز مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کرتے پائے جائیں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، اس سلسلے میں تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (آر ٹی ایز) کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کرایوں میں کمی کے نفاذ سے متعلق تفصیلی رپورٹس مرتب کر کے محکمہ ٹرانسپورٹ کو جمع کروائیں۔
ان رپورٹس کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے،وزیرِ ٹرانسپورٹ نے یہ ہدایت بھی دی ہے کہ اگر کسی مسافر سے زائد کرایہ وصول کیا گیا ہو تو وہ رقم فوری طور پر واپس کروائی جائے،ان کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عوام تک پہنچے، نہ کہ چند عناصر ناجائز منافع خوری کریں۔
بلال اکبر خان نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ حکومت عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی،انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا کہ مقررہ کرایہ نامے کی خلاف ورزی جرمانے، روٹ پرمٹ کی معطلی اور دیگر قانونی اقدامات کا باعث بن سکتی ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر میں لاگت کم ہوئی ہے۔ماہرین کے مطابق اگر کرایوں میں حقیقی کمی نافذ ہو جاتی ہے تو اس سے نہ صرف روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو ریلیف ملے گابلکہ مجموعی طور پر مہنگائی کے دباؤ میں بھی کسی حد تک کمی آ سکتی ہے۔