دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں پاکستانی ڈی پورٹ

دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں  پاکستانی ڈی پورٹ

دنیا کے مختلف ممالک سے بھیک مانگنے کے الزامات کے تحت ہزاروں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

یہ انکشاف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوور سیز پاکستانیز اور انسانی وسائل کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین آغا رفیع اللہ نے کی، جس میں بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں کو آف لوڈ کیے جانے کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بھیک مانگنے کے باعث پاکستانی شہریوں کو مختلف ممالک سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر 51 ہزار افراد کو مختلف وجوہات کی بنا پر آف لوڈ کیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور آذربائیجان سے ہزاروں پاکستانی شہریوں کو بھیک مانگنے کے الزام میں آف لوڈ یا ڈی پورٹ کیا گیا۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق رواں سال سعودی عرب کی جانب سے 24 ہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے کے باعث ڈی پورٹ کیا گیا۔ اسی طرح دبئی نے 6 ہزار پاکستانیوں کو واپس بھیجا، جبکہ آذربائیجان سے ڈھائی ہزار پاکستانی بھکاریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ ان اعداد و شمار نے اجلاس میں موجود ارکان کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں بھتہ اور رشوت خوری کا میگا اسکینڈل سامنے آ گیا، ایف آئی اے نے سرکاری افسران پر مشتمل پورا نیٹ ورک بے نقاب کردیا

ڈی جی ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ اس سال 24 ہزار افراد کمبوڈیا گئے، جن میں سے 12 ہزار افراد تاحال واپس نہیں آئے۔ اسی طرح برما میں سیاحتی ویزے پر 4 ہزار افراد گئے تھے، جن میں سے ڈھائی ہزار افراد اب تک واپس نہیں لوٹے۔ ان اعداد و شمار کو غیر قانونی سرگرمیوں کے تناظر میں بھی زیر بحث لایا گیا۔

ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ غیر قانونی افراد کو روکنے کے اقدامات کے باعث پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئی ہے، جو 118 سے بڑھ کر 92 نمبر تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں میں غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے افراد کے حوالے سے پاکستان کا شمار ٹاپ فائیو ممالک میں ہوتا تھا۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سال 8 ہزار پاکستانی غیر قانونی طور پر یورپ گئے تھے، جبکہ اس سال یہ تعداد کم ہو کر 4 ہزار رہ گئی ہے۔ مجموعی طور پر 56 ہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے کے باعث سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق دبئی اور جرمنی نے پاکستانی سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری سہولت ختم کر دی ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں ایف آئی اے کے کاؤنٹرز کی تعداد زیادہ ہے لیکن عملہ کم ہے، جس کے باعث انتظامی مسائل درپیش ہیں۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس کی 30 لیڈی اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قطر کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام، ایف آئی اے نے 6 افراد گرفتار کر لیے

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *