اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت قرض لینے والوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت قرض لینے والوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت بلاسود قرض حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے سہولیات میں نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے قرض کی بروقت اور جلد واپسی پر 20 فیصد تک رعایت دینے کی سفارش کی گئی ہے، جسے عوامی سطح پر ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ سفارشات کے تحت اگر کوئی قرض لینے والا مقررہ مدت سے قبل اپنی واجب الادا رقم واپس کر دیتا ہے تو اسے خصوصی رعایت دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو قرض کی جلد ادائیگی پر آمادہ کرنا اور قرض واپسی کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سفارشات میں یہ بھی شامل ہے کہ قرض کی مدت کے دوران اگر قرض لینے والے شخص کا انتقال ہو جائے تو اس کی باقی ماندہ رقم معاف کر دی جائے۔ اسی طرح معذور ہونے کی صورت میں قرض لینے والے کو خصوصی رعایت دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد قرض کی واپسی کے نظام کو زیادہ آسان، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے کم آمدنی والے افراد کو مالی سہولت میسر آئے گی اور وہ بغیر کسی دباؤ کے اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی طے پا گئی، دلہن کون ؟

واضح رہے کہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت شہریوں کو 10 سال کی مدت کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے افراد کو اپنا ذاتی گھر بنانے کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ رہائش کے حوالے سے اپنے خواب کو عملی شکل دے سکیں۔

ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد رعایت سے متعلق لائحہ عمل کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرزا ولید بیگ کے علاوہ اخوت، این ایس آر پی اور مختلف مائیکروفنانس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور قرض واپسی کے عمل سے متعلق عملی تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رعایت کا اطلاق ان قرض داروں پر ہوگا جو 10 سال کی مدت کے قرض کو 3 سے 6 سال کے اندر واپس کر دیں گے۔ ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے رعایت کے نفاذ کے لیے ایس او پیز جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تیار کردہ ایس او پیز جلد صوبائی وزیر بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، پی ڈی ایم اے نے ایڈوائزری الرٹ جاری کر دیا

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *